5 Rani Mukherjee Movies as a Power full & Brave women
کم لوگ جانتے ہیں کہ رانی مکھرجی کی پہلی آفیشل ڈیبیو فلم بیئر پھول تھی جو کہ ان کے والد رام مکھر جی کی ہدایتکاری میں 1996 میں بنی تھی جبکہ دنیا کے لئے رانی مکھر جی کی فلم راجا کی آئے گی بارات تھی جس میں انہوں نے ریپ سے متاثرہ عورت کا کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد کم عمر رانی مکھر جی بالی ووڈ میں کامیابیوں کا سفر طے کرتی ہی گئیں اور ان کا فلموں میں اپنے کردار کا چنائو اور انتخاب انہیں بالی ووڈ میں باقیوں سے ممتاز بناتا ہے۔
اس کے ساتھ شائقین کو رانی مکھر جی کی ہم تم، تارا رم پم اور کچھ کچھ ہوتا ہے جیسی کامیاب شارٹ کیمیو فلمیں بھی دیکھنے کو ملیں نیز کبھی الوداع نہ کہنا اور ساتھیا جیسی رومانویت پر مبنی فلمیں بھی ان کے کریڈٹ میں موجود ہیں۔
لیکن رانی مکھر جی نے کچھ کردار ایسے بھی ادا کئے ہیں جنہوں نے رانی مکھر جو کو ایک خوبصورت اور نٹ کھٹ سی لڑکی سے ایک پرکشش، بہادر اور مضبوط عورت سے بدل دیا ہے، جذبات سے نتھی ہوئی فلموں میں اداکاری کی صلاحیتوں کی بدولت رانی آج بالی ووڈ سکرین کی ایک دبنگ عورت کہلاتی ہیں، چاہے – No One Killed Jessica – میں ایک خاتون صحافی کا کردار ہو یا – Mrs. Chatterjee Vs Norway – میں اپنے بچوں سے بچھڑی ہوئی ایک جذباتی اور حساس ماں کا مشکل کردار ہو، رانی نے ان کرداروں کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ ادا کیا ہے اور ہر کردار میں ڈھل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم رانی مکھرجی کی 5 ایسی فلموں کا جائزہ لیں گے جن میں رانی نے اپنے مضبوط، خود اعتماد اور بہادر عورت کا کردار بڑی خوبصورتی سے ادا کیا ہے۔
Black (2005)
ہیلن کیلر کے ناول ‘دی اسٹوری آف مائی لائف’ پر مبنی فلم ‘بلیک’ میں رانی مکھرجی نے مشیل میک نیلی کا کردار نبھایا ہے جو صرف دو سال کی عمر میں اپنی بینائی اور سماعت کی صلاحیت دونوں کھو دیتی ہے جس کے بعد اس کا بچپن مشکل بہت ہو جاتا ہے، یہ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جسے بدقسمتی سے اپنی بیماری کی وجہ سے زندگی میں بہت سی رکاوٹوں کا سامنا کر کے ان سے گزرنا پڑتا ہے اور وہ اپنے سرپرست دیبراج سہائے (امیتابھ بچن) کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کر گزرتی ہے۔
رانی کی فلم بلیک سنجے لیلا بھنسالی کے بہترین کاموں میں سے ایک ہے، اس فلم میں انہوں نے رانی کے کردار کو بغیر مکالمے کے محض حرکات و سکنات اور جذبات کے ساتھ امر کر دیا ہے۔
No One Killed Jessica (2011)
اس فلم میں رانی مکھرجی نے میرا گیٹی نامی ایک نڈر کرائم رپورٹر کا کردار ادا کیا ہے، ایسی دنیا جہاں پر مردوں کا غلبہ ہے وہاں رانی تمام درپیش خطرات سے بے پرواہ ہو کر جس جوش و جذبے کے ساتھ ایک معصوم لڑکی کے قتل کے معمے کو حل کرنے کے لئے جدوجہد کرتی نظر آتی ہیں وہ ایک مضبوط اور بہادر عورت کے کردار کو ظاہر کرتا ہے، اس روپ میں رانی نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ خوف انصاف کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
Mardaani (2014) & Mardaani 2 (2019)
شیوانی شیواجی رائے کے کردار میں رانی مکھرجی ایک بہادر خاتون انسپکٹر کے روپ میں سینما سکرین پر نظر آتی ہیں جن کی زندگی خواتین کے خلاف جرائم سے لڑتے اور خواتین کو انصاف دینے کے لئے جدوجہد میں گزر رہی ہے، اس فلم کے دونوں پارٹس میں سماجی و معاشرتی مسائل کو دکھایا گیا ہے، ان مسائل کے لے حل کے لئے رانی مکھر جی کو بطور ایک ویمن پولیس آفیسر ایکشن میں دکھایا گیا ہے، معاشرے میں صنفی امتیاز اور صنفی جانبداری کے خلاف وہ نتائج سے بے پرواہ ہو کر لڑتی نظر آتی ہیں، اس طرح کے سخت گیر کرداروں کو عمدہ طریقے سے نبھا کر رانی اپنی اداکارانہ شخصیت کو بام عروج پر لے گئی ہیں۔
Hitchki (2018)
فلم ہچکی میں مس نینا ماتھر (رانی مکھرجی) بدقسمتی سے ٹوریٹ سنڈروم کا شکار ہیں جو ایک ایسی بیماری ہے جس سے باقاعدگی سے ہچکیاں آتی ہیں جن پر قابو نہیں پایا جاسکتا، رانی کا یہ کردار حساسیت اور خود اعتمادی کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، رانی کے اس کردار کا مقصد ان کے طالب علموں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا تھا اگرچہ وہ اپنی ٹیچر رانی کو یکساں احترام دینے میں ناکام رہے، لیکن آخر کار ایک درمیانی راستہ مل گیا، اس فلم میں رانی نے اپنے کردار سے بتایا ہے کہ آپ کی جسمانی خامیوں سے آپ کی صلاحیتیں محدود نہیں ہوتیں اور نہ ہی آپ کے زندگی میں آگے بڑھنے میں زیادہ رکاوٹ بنتی ہے۔
Mrs. Chatterjee Vs Norway
دیبیکا چٹرجی کے کردار میں رانی مکھرجی اس فلم میں ہر اس ماں کی آواز تھیں جو اپنے بچوں کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں، جب ناروے کے حکام رانی کے بچوں کو لے جاتے ہیں اور رانی ان کی دیکھ بھال کرنے کے قابل نہیں سمجھتے تو رانی اپنے بچوں کی تحویل لینے کے لئے لڑتی ہے اور اس مقصد کے لئے وہ دنیا کے آخری سرے تک چلی جاتی ہے، اس دوران وہ شدید صدمے اور ذہنی تھکاوٹ سے گزرتی ہیں، یہ فلم رانی کی ایسی فلم ہے جس میں انہوں نے ایک بہادر اور مضبوط ماں کے کردار کو امر کر دیا ہے۔
رانی مکھرجی کئی رنگوں کی اداکارہ ہیں، مذکورہ بالا فلمیں انہیں بالی ووڈ میں ممتاز بناتی ہے، عورتوں کے لئے رانی کا یہ کام رہتی دنیا تک دیکھا جائے گا۔