میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا جبکہ بجلی کی کھپت بڑھانے کے حوالے سے ایک جامع پیکج لا رہے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ حکومت سیزنل ٹیرف متعارف کروانے جا رہی ہے جس کے ذریعے کیپسٹی پیمنٹس کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ایران کی جانب سے پاکستان پر 18 ارب ڈالرز جرمانے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی بھی 18 ارب ڈالرز جرمانے کی بات نہیں کی، میرے علم میں نہیں 18 ارب ڈالرز کے اعداد و شمار کہاں سے آئے ہیں۔
گیس کے بڑھتے بل عوام کیلیے عذاب بن گئے
ان کا کہنا تھا کہ میں نے تمام فائلیں اور دستاویزات دیکھی ہیں لیکن کہیں بھی 18 ارب ڈالرز کا ذکر نہیں ملا، ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق موجودہ صورتحال پر تبصرہ نہیں کر سکتا، اٹارنی جنرل پاکستان سے مشاورت کے بعد بات کرنے کی پوزیشن میں ہوں گا۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ریکوڈک میں بین الاقوامی سرمایہ کاری ایڈوانس اسٹیج پر ہے، منصوبے پر 2 سے 3 ماہ میں بڑی پیشرفت کی امید ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے سعودی عرب کا نام لیے بغیر ریکوڈک منصوبے میں اچھی سرمایہ کاری کی توقع ظاہر کی۔
میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک ملکی ضروریات سے زیادہ ڈیزل درآمد معاملے پر بے خبر نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈیزل اسٹاک سے متعلق معاملے کا مجھے علم نہیں ہے، ڈیزل اسٹاک سے متعلق معاملہ چیئرمین اوگرا سے چیک کر کے بتاؤں گا۔